اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین convidecia جو کہ Cansino Biologics Inc China کی تیار کردہ ویکسین ہے، کی ریٹیل پرائس(تین ڈوزز) 12ہزار 168 مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔
منگل کے روز وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوا جس میں 22نکاتی ایجنڈے پرغورکیا گیا ۔اجلاس میں انتخابی اصلاحات ،معاشی اشاریوں اوردیگرامورپرغورکیا گیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جوہر ٹاؤن لاہور واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے پنجاب سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہا گیا اور تمام افسران، انٹیلی جنس اداروں، پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران کو مبارکباد دی گئی۔ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر بریفنگ دی گئی، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا اختیار دینے کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی آرڈیننس 2021اور پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی آرڈیننس 2021ء کی بھی منظوری دی۔ ان قوانین کا مقصد سول ایوی ایشن کی ریگولیٹری ذمہ داریوں اور ایئر پورٹس پر سروسز کی فراہمی کے شعبوں کو علیحدہ کرنا ہے تاکہ ان دونوں شعبوں کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے اس کے نتیجے میں ایئر پورٹس کے نظام میں کافی بہتری آئے گی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ شمالی علاقہ جات میں بہت زیادہ سیاح جا رہے ہیں لیکن گلگت کی فلائٹس میں کافی مسائل آتے ہیں کیونکہ وہ ایئرپورٹ تمام موسموں میں کارآمد نہیں ہے، وزیر اعظم نے سول ایوی ایشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیاحت کے حوالے سے ایئرپورٹس کے بارے میں ایک منصوبہ لے کر آئیں۔
کابینہ نے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پیز) کے حوالے سے 30 جون 2021کو اختتام پذیر مالی سال کیلیے آر ایس ایم اویس حیدر اور لیاقت نعمان چارٹرڈ اکانٹنٹس کو مقرر کرنے کی منظوری دی۔
کابینہ نے سابقہ فاٹا کے اے لسٹ میں شامل تمام اضلاع میں تھری جی اور فور جی کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کیلیے شفاف اور قابل اعتماد ٹیسٹنگ نظام لانے کے حوالے سے وزیراعظم نے ہدایت کی،کابینہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ اجلاس میں گرین ایریاز کے تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے بریفنگ دی جائے۔
وفاقی وزرا، وزرائے مملکت و دیگر شخصیات کے پروٹوکول اور سیکیورٹی کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے نظام کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پروٹوکول اور سیکیورٹی کے حوالے سے سادگی کی ابتداانھوں نے اپنی ذات سے کی ہے۔کابینہ نے مجوزہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سیف سٹی اتھارٹی ایکٹ 2021ء، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری مینٹیننس آف پبلک آرڈر ایکٹ 2019ء، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سیکیورٹی آف ولنر ایبل اسٹیبلشمنٹس ایکٹ 2019ء، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سانڈ سسٹم (ریگولیشن) ایکٹ 2019اور مجوزہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انفارمیشن آف ٹمپریری ریذیڈنٹس ایکٹ 2019پر غور کرتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھیجنے کی منظوری دی۔
وزیر مذہبی امور نے تجویز پیش کی کہ اسلام آباد کے مدارس اور مساجد کے امام اور آئمہ کرام کو بھی خیبر پختونخوا کی طرز پر مشاہرے اور ان کی تربیت کے انتظام کیا جائے۔
کابینہ نے پیمرا کونسل آف کمپلینٹس بلوچستان کے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے محترمہ سحر زرین بندیال کو پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور میں تعینات کرنے کی منظوری دی۔ سی ای او پاکستان جیم اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کی تعیناتی کا ایجنڈا مؤخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 17 جون، 18 جون اور 24 جون کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 24 جون 2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 17 جون 2021کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔
کابینہ نے بجٹ کی تیاری کے دوران ٹیرف کے ضمن میں آنے والی بے قاعدگیوں کو دور کرنے کے لئے مختلف اشیاپر لاگو ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کے حوالے سے نیشنل ٹیرف پالیسی بورڈ کے فیصلوں کی منظوری دی۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے مقامی طور پر تیار شدہ گاڑیوں (ہزار سی سی اور کم) پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے جبکہ ہزار سی سی سے اوپر والی گاڑیوں پر اے سی ڈی 7 سے کم کر کے 2 فیصد کرنے کی منظوری دی۔ آٹو انڈسٹری کے حوالے سے بقیہ تین تجاویز پر فیصلے ایک ہفتے کیلیے مؤخر کردیے گئے۔
The post کورونا ویکسین convidecia کی 3 ڈوز کی قیمت 12 ہزار 186 روپے مقرر appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2198767/1