کابل: امریکی جنگی طیاروں نے افغانستان میں طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق امریکی جنگی طیاروں نے افغانستان میں مختلف مقامات پر طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کی تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آسکی ہیں جب کہ امریکا نے بھی فضائی حملے سے متعلق تفصیلات جاری کرنے سے گریز کیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے ادارے پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے فضائی حملے سے متعلق معلومات فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز میں افغان سیکیورٹی فورسز کی مدد کے لیے طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے، اس حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کی جاسکتیں تاہم امریکا ایسی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
دوسری جانب افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جمعہ کو افغان فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 17 طالبان مارے گئے جب کہ ایک روز قبل کی گئی کارروائی میں 10 طالبان ہلاک ہوئے۔
The post امریکا کے افغانستان میں طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2204978/10