برمنگھم: ’وقار یونس، مصباح الحق کو فارغ کریں‘، انگلینڈ کی ’سی‘ ٹیم سے شکست پر شائقین کا صبر جواب دے گیا، ٹیم مینجمنٹ کو گھر بھیجنے کا مطالبہ کردیا، سوشل میڈیا پر بھی شائقین نے بولنگ اور ہیڈ کوچ کی کارکردگی کی خوب کلاس لی، ریکارڈ بہتر کرنے کیلیے زمبابوے سے سیریز کھیلنے کا مشورہ دیا جانے لگا۔
پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں تیسرے میچ میں 3 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس کے ساتھ ہی سیریز میں وائٹ واش کا داغ بھی گرین شرٹس پر لگ گیا، انگلینڈ کی تیسرے درجے کی ٹیم کے ہاتھوں رسوا کن شکست نے شائقین کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز کردیا، میچ کے دوران ہی خاص طور پر ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کے خلاف نعرے لگنا شروع ہوگئے جبکہ اسٹیڈیم سے باہر نکل کر بھی شائقین کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے مصباح الحق اور وقار یونس کو فارغ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلیے موجودہ ٹیم مینجمنٹ کی چھٹی ضروری ہوچکی۔ سوشل میڈیا پر شائقین کی جانب سے غم و غصے کا اظہار کیا جاتا رہا، کچھ کا کہنا تھا کہ سپر لیگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کیلیے پاکستان ٹیم کو اب زمبابوے سے سیریز پلان کرنا چاہیے۔ یاد رہے کہ تیسرے میچ میں کپتان بابر اعظم نے کیریئر بیسٹ 158 رنز بنائے مگر ان کی یہ اننگز ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کیلیے ناکافی ثابت ہوئی، شائقین کا کہنا تھا کہ بابر نے تو اپنی ذمہ داری پوری کی مگر بولرز اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دے سکے جس کے براہ راست ذمہ دار وقار یونس ہیں۔
The post ’وقار یونس، مصباح الحق کو فارغ کریں‘ appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2202204/16