11News.pk | Online News Network
11News.pk | Online News Network

کوویڈ اتنی جلدی دفعان ہونے والا نہیں

ویسے تو پاکستان ہمیشہ سے ہی نازک دوراہے پر بتایا جاتا ہے مگر اگلے تین ماہ کے دوران پاکستان واقعی نازک دوراہے پر نظر آ رہا ہے۔ایک جانب افغان سرحد کی طرف سے ناگہانی آ سکتی ہے تو دوسری جانب سے کوویڈ کا ڈیلٹا ویرینٹ ہمیں گھور رہا ہے۔

یہ بات اپنی جگہ حوصلہ افزا سہی کہ اکانومسٹ جریدے نے پاکستان کو پچھلے ڈیڑھ برس میں کوویڈ مینیجمنٹ کی اپنی مرتب کردہ عالمی فہرست میں حسنِ انتظام کے اعتبار سے سنگا پور اور نیوزی لینڈ کے بعد تیسرے درجے پر رکھا ہے۔لیکن یہ فہرست ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ سے پہلے کی ہے۔

پاکستان نے یقیناً اب تک کوویڈ کی تین لہروں کو خوش اسلوبی سے جھیل لیا ہے مگر اب وزیرِ اعظم اور ان کی مینیجمنٹ ٹیم نے ڈیلٹا کی شکل میں چوتھی لہر کی خبر دی ہے جس کے آثار نمودار ہونے شروع ہو گئے ہیں۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں کوویڈ متاثرین کی تعداد ہزاروں سے کم ہو کر سیکڑوں میں پہنچنے کے بعد اب پھر ہزاروں میں پہنچ رہی ہے اور جس رفتار سے چوتھی لہر آ رہی ہے اس کے سبب ہر ہفتے متاثرین کی تعداد دوگنی ہونے کی جانب تیزی سے سفر کر رہی ہے۔کہا جا رہا ہے کہ نئے متاثرین میں سے پچاس فیصد ڈیلٹا ویرینٹ کا شکار ہوئے ہیں۔

کیا ہم واقعی ڈیلٹا کے مقابلے کے لیے تیار ہیں یا گزشتہ تین لہروں کی پسپائی کے سرور میں ہیں ؟

آثار یہی ہیں کہ ہم سرور میں ہیں۔تمام تر حسنِ انتظام کے باوجود گزشتہ پانچ ماہ کے دوران بائیس کروڑ کی آبادی میں سے صرف پانچ ملین شہریوں کو ہی کسی بھی قسم کی کوویڈ ویکسین کی دو خوراکیں لگ پائی ہیں۔جب کہ سرکاری ہدف اگلے پانچ ماہ میں سات کروڑ پاکستانیوں کی ویکسینیشن کا بتایا جا رہا ہے۔ موجودہ رفتار سے یہ ہدف حاصل کرنا تقریباً ناممکن ہے۔ اس دوران اگر ڈیلٹا ویرینٹ کی لہر قابو سے باہر ہونے لگی تو نہ صرف یہ ہدف اور دور جا سکتا ہے بلکہ پچھلی کامیابیوں پر بھی پانی پھر سکتا ہے۔

فرض کریں ویکسینیشن کا ہدف حاصل ہو بھی جائے تب بھی آرام سے بیٹھنے کی گنجائش نہیں۔کیونکہ یہ تو سب جانتے ہیں کہ ویکسینیشن کوویڈ سے ہونے والی اموات کے مقابلے میں ایک ڈھال کا کام کر رہی ہے۔البتہ یہ ڈھال کتنے ماہ و سال کے لیے موثر ہے اور اگلی اضافی خوراک ( بوسٹر ) لینے کی ضرورت کتنے عرصے بعد پڑے گی کوئی نہیں جانتا۔محض اندازے ہیں کہ فلاں ویکسین اتنے ماہ کے لیے موثر ہے اور فلاں ایک سے دو برس تک ہمیں بچا کے رکھے گی اور پھر تیسری ڈوز کی ضرورت پڑے گی۔یعنی یہ ایک مستقل جنگ ہے جو اگلے کئی برس پوری دنیا کو انتھک لڑنی ہے۔اور جنگ بھی گھمسان کی ہے۔

ایک نظریہ یہ ہے کہ اگر ستر فیصد آبادی کی ویکسینیشن ہو جائے تو باقی تیس فیصد بھی محفوظ ہو جائیں گے۔دوسرا نظریہ یہ ہے کہ جب تک ہر انسان کی ویکسینیشن نہیں ہو جاتی تب تک ہم سب خطرے کے دائرے میں رہیں گے۔

اس تناظر میں حالات اور بھی مایوس کن ہیں۔ترقی یافتہ اور دولت مند ممالک نے تو اپنی کم ازکم پچاس فیصد آبادی کی ویکسینشن مکمل کر لی ہے اور اگلے پانچ ماہ کے دوران وہ سو فیصد ہدف حاصل کرنے کے قریب ہیں مگر بہت سے ترقی پذیر ممالک میں ابھی ویکسینیشن شروع بھی نہیں ہوئی۔ بہت سے ممالک کا دار و مدار عالمی ادارہِ صحت کی کوششوں سے چندے اور خیرات میں ملنے والی ویکسین پر ہے۔

پاکستان جیسے ممالک ایک حد تک تو ویکسین خریدنے کی سکت رکھتے ہیں لیکن ان کی زیادہ تر امید کا محور امداد میں ملنے والی ویکسین کے گرد ہی رہے گا۔

تیز رفتار ویکسینشن کی راہ میں دوسری بڑی رکاوٹ تجارتی مفادات کو ویکسین کے معیار کے پردے میں آگے بڑھانے کی سیاست ہے۔یعنی امریکا ، یورپی ممالک اور دولت مند عرب ریاستیں صرف اس ویکسینیشن کو تسلیم کرتے ہیں جس میں مغربی و امریکی ویکسین ساز کمپنیوں کی ویکسین استعمال ہو رہی ہے جیسے فائزر ، استرا زینیکا ، موڈرنا ، جانسن اینڈ جانسن وغیرہ۔

جن لوگوں نے چینی یا روسی ویکسین لگوائی ہے اسے مغرب تسلیم نہیں کرتا۔اس امتیاز کی بنیاد کسی سائنسی ثبوت پر ہے یا یہ مشرق و مغرب کی سیاسی رقابت کی بنیاد پر ہے ؟ جو بھی وجہ ہو مگر اس کی زد میں ایک عام آدمی ہی آ رہا ہے۔

مثلاً میں گزشتہ ہفتے برطانیہ گیا تو وہاں کے صحت حکام نے میرا نادرا کا جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ماننے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ آپ نے چینی ویکسین لگوائی ہے جو ہمارے ہاں رجسٹرڈ نہیں لہٰذا آپ کو اپنے خرچے پر دس دن مخصوص ہوٹل میں قرنطینہ کرنا پڑے گا۔اگر آپ نے ہماری منظور شدہ ویکسین لگوائی ہوتی تو پھر آپ گھر پر پانچ دن قرنطینہ کر سکتے تھے۔چنانچہ مجھے ایک ہوٹل کے کمرے میں پہنچا دیا گیا۔

عالمی ویکسینیشن کی راہ میں دوسری اہم رکاوٹ مینوفیکچرنگ رائٹس اور لائسنسگ ہے۔یعنی ویکسین ساز کمپنیاں ترقی پذیر غریب ممالک کو نہ تو برانڈڈ ویکسین کی مقامی تیاری کا لائسنس دے رہی ہیں اور نہ ہی ان کی ضرورت کے اعتبار سے ویکسین کی کھیپ تیار کر پا رہی ہیں۔گویا غریب ممالک کو سہہ طرفہ مار پڑ رہی ہے۔

تیسری بڑی رکاوٹ خود وہ عوام ہیں جنھیں مرنا اور دوسروں کو وائرس سے متاثر کرنا تو منظور ہے مگر ویکسین لگوانا قبول نہیں۔ان میں سے کئی لوگ نہ صرف خود ویکسین لگوانے کے قائل نہیں بلکہ جو لگوانا چاہتے ہیں انھیں بھی بھٹکانے اور گمراہ کرنے کو ثوابِ جاریہ سمجھ رہے ہیں۔

کبھی ویکسین کے حرام حلال ہونے کا سوال اٹھا دیا جاتا ہے تو کبھی اس مبینہ چپ سے ڈر لگتا ہے جو دراصل ویکسین کی آڑ میں ان کے جسم میں داخل کیا جا سکے۔اس کے بعد دشمن ممالک کی ایجنسیاں اور بل گیٹس جیسے لوگ ان کی ہر سرگرمی پر نظر رکھ سکیں گے۔ بھلے ان کے پلے نظر میں آنے کے لیے کچھ ہو یا نہ ہو۔

جو ان دلائل سے گمراہ نہیں ہو سکتے انھیں یہ کہہ کر ڈرایا جاتا ہے کہ ویکسینیشن سے مردانہ قوت سلب ہو جاتی ہے۔اس اطلاع پر سب سے زیادہ پریشان ہونے والوں میں نوجوان کم اور ستر برس سے اوپر کے بوڑھوں کی تعداد زیادہ ہے۔

بندہ ان سے پوچھے کہ بھائی صاحب آپ نے ویکسین آنے سے پہلے اس مخصوص شعبے میں کیا کیا تیر چلا لیے جو اب آپ کو اپنی رہی سہی قوت کھونے کا خیال ستائے جا رہا ہے۔

مگر یہ کہانیاں اور تھیوریاں ہمیشہ سے ہیں اور ہمیشہ رہیں گی۔یہی کہانیاں اور وہمات خاندانی منصوبہ بندی کی مہم اور پولیو ویکسین کے بارے میں بھی پھیلائے جاتے رہے۔آپ ان لوگوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے البتہ یہ لوگ آپ کا کچھ نہ کچھ ضرور بگاڑ سکتے ہیں اگر آپ کچے کانوں کے مالک ہیں۔

( وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیےbbcurdu.com پر کلک کیجیے )

The post کوویڈ اتنی جلدی دفعان ہونے والا نہیں appeared first on ایکسپریس اردو.



source https://www.express.pk/story/2201244/268
Post a Comment (0)
Previous Post Next Post