11News.pk | Online News Network
11News.pk | Online News Network

زخمی شیر انگلینڈ پر پھر ٹوٹ پڑنے کیلیے تیار

لاہور: ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے بعد زخمی پاکستانی شیرانگلینڈ پر پھر ٹوٹ پڑے کے لیے تیار ہیں جب کہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔

ون ڈے سیریز سے قبل کورونا کیسز کی وجہ سے انگلینڈ کا پورا اسکواڈ قرنطینہ میں چلا گیا تھا، متبادل کھلاڑیوں پر مشتمل نوآموز ٹیم نے گرین شرٹس کو کلین سوئپ کی خفت کا شکار کیا، ٹی ٹوئنٹی کیلیے کپتان ایون مورگن سمیت 9ٹاپ اسٹارز کی واپسی ہو گئی۔

کوئی توقع نہیں کررہا تھا کہ مہمان ٹیم اپنا اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہو جائے گی،پہلے ٹی 20میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستانی بیٹنگ کا امتحان لینے کا فیصلہ کیا تو سب اندازے غلط ثابت ہوگئے۔

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے آغاز میں سنبھل کر کھیلنے کے بعد رن ریٹ بڑھاتے ہوئے اچھی بنیاد رکھی جس کے بعد آنے والے بیٹسمینوں نے صورتحال کے مطابق بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈ ٹوٹل بنانے میں اہم کردار ادا کیا،شاہین شاہ آفریدی کے سوا بولرز مہنگے ضرور ثابت ہوئے مگر وکٹیں بھی حاصل کرتے رہے،فیلڈرز نے بھی ساتھ دیا۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج ہیڈنگلے،لیڈزمیں کھیلا جائے گا،گرین شرٹس سیریز میں فیصلہ کن برتری پانے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے،بابر اعظم اور محمد رضوان ایک بار پھر امیدوں کا محور ہیں،صہیب مقصود، فخرزمان اور محمد حفیظ جارحانہ بیٹنگ سے کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں،اعظم خان کو ڈیبیو میچ میں زیادہ وقت کریز پر گزارنے کا موقع نہیں ملا مگر وہ بھی چھکے چھڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

لوئر آرڈر میں عماد وسیم اور شاداب خان ٹیم کی ضرورت کے مطابق بیٹنگ کرسکتے ہیں،شاہین شاہ آفریدی کا فارم میں واپس آنا پاکستان کیلیے خوش آئند ہے، محمد حسنین نے بھی کفایتی بولنگ سے اپنا انتخاب درست ثابت کیا،حارث رؤف مہنگے ثابت ہورہے ہیں۔

مہمان ٹیم ان کی جگہ وسیم جونیئر یا ارشد اقبال میں سے کسی ایک کو سرپرائز پیکیج کے طور پر شامل کرنے کا فیصلہ کرسکتی ہے،شاداب خان رنز تو نہیں روک پائے مگر 3وکٹوں سے ان کا اعتماد تھوڑا بحال ہوا ہوگا،عماد وسیم بھی انگلش کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

کپتان بابر اعظم کاکہنا ہے کہ پہلے میچ کی ابتداء میں احتیاط اور پھر اسٹروکس کھیلنے کی پالیسی کامیاب رہی،محمد رضوان کو مشکل ہوئی تو خود جارحانہ انداز اپنایا تاکہ ان کو سیٹ ہونے کا وقت مل سکے، ہم ہر اوور میں 8 یا 10رنز بناتے رہے، انھوں نے کہا کہ دوسرے میچ میں بھی بہتر پلان کے ساتھ میدان میں اتریں گے، کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے سیریز جیتنے کی ہر ممکن کوشش ہوگی۔

دوسری جانب انجری کی وجہ سے پہلا میچ نہ کھیل پانے والے جوز بٹلر کی واپسی سے انگلش بیٹنگ کو تقویت حاصل ہوگی، ڈیوڈ مالان کو اوپننگ پوزیشن چھوڑنا ہوگی،پلیئنگ الیون سے معین علی کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے، لیام لیونگ اسٹون نے اپنی فارم ثابت کردی،جیسن روئے بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کریں گے،ایون مورگن اور جونی بیئراسٹو پہلے میچ کی ناکامی کا ازالہ کرنے کیلیے بے تاب ہوں گے، لیوس گریگوری آل راؤنڈ صلاحیتوں کا اظہار کرسکتے ہیں۔

پیس بیٹری میں ثاقب محمود، ڈیوڈ ویلی، ٹام کرن سب مہنگے ثابت ہوئے،ان میں سے کسی ایک کی جگہ کرس جورڈن کو شامل کرنے پر غور ہورہا ہے، میٹ پارکنسن کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو عادل رشید کو اسپن کا جادو جگانے کا موقع ملے گا، ہیڈنگلے کی بیٹنگ کیلیے سازگار پچ پر رنز کے انبار لگنے کا امکان ہے،مطلع صاف رہنے کی پیشگوئی ہے۔

The post زخمی شیر انگلینڈ پر پھر ٹوٹ پڑنے کیلیے تیار appeared first on ایکسپریس اردو.



source https://www.express.pk/story/2203384/16
Post a Comment (0)
Previous Post Next Post