لاہور: بھیگا موسم گرین شرٹس کی تیاریوں میں حائل ہوگیا جب کہ موسم کی خرابی کے باعث دوسرا انٹرا اسکواڈ میچ ممکن نہ ہوسکا۔
25جولائی کو انگلینڈ پہنچنے والے پاکستان اسکواڈ نے ڈربی میں پڑاؤ ڈالتے ہوئے ابتدائی3روز روم آئسولیشن میں گزارے،پھر ٹریننگ کا آغاز کیا تو پہلے دن ہی بارش نے استقبال کیا،گرین شرٹس کو انڈور سرگرمیوں تک محدود رہنا پڑا۔
بعد ازاں ابر آلود موسم میں کھلی فضا میں پریکٹس کا موقع ملا،جمعرات کو 50اوورز کے انٹرا اسکواڈ میچ میں بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا نے اچھی بیٹنگ پریکٹس کرلی، پیسرز زیر عتاب رہے مگر عثمان قادر نے اسپن کا جادوجگایا، جمعے کو آرام کے بعد ہفتے کو شیڈول دوسرا انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کھیلنے کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں۔
مقابلہ صبح ساڑھے 9بجے شروع ہونا تھا مگر ڈربی میں بارش کے باعث تاخیر سے آغازکا فیصلہ کیا گیا،50اوورز کے بجائے باقی وقت میں کھلاڑیوں کو سیناریو بیس اہداف دینے کی حکمت عملی اپنائی گئی، گراؤنڈ کی حالت بہتر ہونے پرپلیئرز نے میدان کا رخ کرتے ہوئے میسر وقت میں پریکٹس کے موقع سے فائدہ اٹھایا۔
اتوار کو ون ڈے اسکواڈ کے ارکان 50 اوورز پر مشتمل ایک ٹارگٹ اننگز کھیلیں گے، اس سیشن کے دوران بیٹسمین بابر اعظم، امام الحق، فخر زمان، سعود شکیل، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا، محمد رضوان اور سرفراز احمد، بولرز فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد حسنین، ارشد اقبال، وسیم جونیئر، محمد نواز اور شاداب خان کا سامنا کریں گے، دیگر تمام کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مڈل آرڈر کو استحکام دینے کیلیے اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے بیٹسمین حارث سہیل دائیں ٹانگ میں کھینچاؤ کے باعث پہلے انٹرا اسکواڈ میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے، ٹارگٹ اننگز کیلیے بھی ان کو میدان میں نہیں اتارا جا رہا، انھیں آرام کا مشورہ دینے والا میڈیکل پینل اتوار کو انجری کا دوبارہ جائزہ لے گا۔
یاد رہے کہ حارث سہیل کا کیریئر بار بار انجریز سے متاثر ہوتا ہے، اب کم بیک کا موقع ملنے سے قبل ہی ایک بار پھر مسائل سر اٹھانے لگے ہیں۔
دریں اثناء انگلینڈ نے سری لنکا کیخلاف سیریز کھیلنے والے 16رکنی ون ڈے اسکواڈ کو پاکستان سے سیریز مں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،آئی پی ایل میں انجرڈ ہونے والے بین اسٹوکس اگرچہ صحتیابی کے بعد ڈرہم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیل رہے ہیں مگر قومی ٹیم میں واپسی کیلیے ان کو مزید انتظار کرنا ہوگا۔
گرین شرٹس کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انھیں موقع دیے جانے کا امکان ہے،سری لنکا سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انجری کا شکار ہونے والے جوز بٹلر کو بھی زیر غور نہیں لایا گیا،ڈیوڈ مالان کی جگہ لینے والے ٹام بینٹم برقرار رہے۔
ون ڈے اسکواڈ میں ایون مورگن(کپتان)، جونی بیئر اسٹو، جیسن روئے، جوئے روٹ،سیم بلنگز، معین علی، سام کرن، ڈیوڈ ویلی،ٹام کرن، عادل راشد، مارک وڈ، لیام لیونگ اسٹون،کرس ووکس،لیام ڈاسن، جارج گارٹن اور ٹام بینٹن شامل ہیں۔
The post بھیگا موسم گرین شرٹس کو تیاریوں میں حائل ہو گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2197659/16