11News.pk | Online News Network
11News.pk | Online News Network

ورلڈکپ سپر لیگ؛ ٹاپ پوزیشن پانے کیلیے گرین شرٹس کا دل مچلنے لگا

لاہور: آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ میں ٹاپ پوزیشن پانے کیلیے گرین شرٹس کا دل مچلنے لگا جب کہ انگلینڈ کی نوآموز کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم سے پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعرات کو کارڈف میں ہوگا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جمعرات کوکارڈف میں کھیلا جائے گا،تینوں میچز سپر لیگ کا حصہ ہیں، حاصل شدہ پوائنٹس آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کوالیفائنگ کے کام آئیں گے، ہر میچ کی فاتح ٹیم کو 10پوائنٹس حاصل ہوتے ہیں، مقابلہ بے نتیجہ یا برابر رہنے کی صورت میں 5،5پوائنٹس تقسیم ہوں گے، فی الحال پاکستان 6 میچز کھیل کر 40 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، انگلینڈ 12 مقابلوں میں 65 پوائنٹس لے کرسرفہرست ہے، بنگلادیش50 پوائنٹس جوڑ کر دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔

تینوں میچز میں فتح پاکستان کو ٹاپ پر پہنچا دے گی، میچ کیلیے ٹیم کو فخر زمان اور امام الحق کی خدمات میسر ہیں،دونوں نے جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز میں اچھی فارم کا مظاہرہ کیا تھا، فخر زمان انگلینڈ کے خلاف 7 میچز میں 41.85 کی اوسط اور 107.72 کے اسٹرائیک ریٹ سے 293 رنز بنا چکے ہیں، امام الحق نے انگلش ٹیم سے 5 ون ڈے میں 92 کی اوسط سے رنز بنائے۔

کپتان بابراعظم آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست ہیں، انھوں نے گذشتہ 2 سال میں اس فارمیٹ میں 85.00 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں، بابرانگلینڈ کے خلاف 16میچز میں 45سے زائد کی ایوریج سے 639رنزاسکور کر چکے ہیں، اس میں 5 سنچریاں اور ایک ففٹی شامل ہے،وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بھی کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں۔

پاکستان کو انجری کے شکار حارث سہیل کی خدمات میسر نہیں ہوں گی، ان کا خلا پْرکرنے کیلیے صہیب مقصود مضبوط امیدوار ہیں،مڈل آرڈرمیں بیٹنگ کیلیے سعود شکیل کا نام بھی زیر غور ہے، شاہین شاہ آفریدی گذشتہ 10 میچز میں 25 وکٹیں حاصل کرکے پاکستانی بولنگ لائن کا سب سے خطرناک ہتھیار ہیں،ان کے ساتھ حسن علی اور حارث رؤف بھی موجود ہوں گے،آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف اور شاداب خان بیٹ اور بال دونوں سے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب کورونا کیسز کی وجہ سے انگلینڈ کا پورا اسکواڈ ہی تبدیل ہوچکا،نو منتخب 18 کرکٹرز میں سے 9ڈیبیو کے منتظر ہیں، انجری سے نجات کے بعد واپس آنے والے بین اسٹوکس کا یہ سیریز بطور کپتان پہلا امتحان ہے،ان کے ساتھ پلیئنگ الیون میں ڈیوڈ مالان، فل سالٹ،جیمز ونس، جیک بال،ول جیکس، ڈین لارنس، ثاقب محمود،زاک کرالی،لیوس گریگوری سمیت بین کارسے اور پارکنسن میں سے کسی ایک کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے سیمی فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو ہرایا تھا، فخرزمان نے سنچری بنائی، حسن علی نے 35 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ جس ٹیم کے خلاف پلان تھا بدقسمتی سے وہ تبدیل ہوگئی،اب انگلش پلیئرز نئے مگر ان میں سے کئی کے ساتھ ہم کھیلے ہوئے بھی ہیں، بہرحال انگلینڈ نمبر ون اور یہ ان کی قومی ٹیم ہے، تمام میزبان کرکٹرز اپنے ملک میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے آرہے ہیں، ہمیں بھی بہترین پلان کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ون ڈے سپرلیگ کے پوائنٹس ہمارے لیے بہت اہم ہیں،اس لیے حریف کو آسان نہیں سمجھ سکتے، نئے چہروں کی قوت جاننے کیلیے اینالسٹ بے پناہ مصروف رہے،انھوں نے خاصا کام کیا ہے، کاؤنٹی میچز کی ویڈیوزدیکھیں ہیں،اس سے کافی مدد ملے گی۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہم میزبان ٹیم کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے، کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے اپنی مضبوط الیون تشکیل دینگے، جمعرات کو کارڈف میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اس بات کو بھی پیش نظر رکھیں گے، کھلاڑیوں نے ڈربی میں ٹرننگ کے مواقع سے فائدہ اٹھایا ہے،ہم ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل کر یہاں آئے تھے،ون ڈے فارمیٹ سے ہم آہنگی حاصل کی ہے،بیٹسمین اور بولرز اچھی فارم میں ہیں، مثبت سوچ کے ساتھ بے خوف کرکٹ کھیلیں گے۔

 

The post ورلڈکپ سپر لیگ؛ ٹاپ پوزیشن پانے کیلیے گرین شرٹس کا دل مچلنے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.



source https://www.express.pk/story/2199150/16
Post a Comment (0)
Previous Post Next Post