کراچی: 90 کی دہائی کا بچوں کا مقبول ڈراما ’’عینک والا جن‘‘ نئے نام کے ساتھ ایک بار پھر ٹی وی اسکرینز پر دکھایا جارہا ہے۔
’’عینک والا جن‘‘ بچوں کے لیے بنایا گیا ایک کلاسیکی پاکستانی ڈراما ہے جو 1993 سے 1996 تک پاکستان کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا۔ ’’عینک والا جن‘‘ اپنے دور کا بہترین ڈراما تھا جو جادوگر، جن اور پریوں کی کہانی پر مشتمل تھا اور بچوں سمیت بڑوں میں بھی بے حد مقبول تھا۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کے مطالبے پر اس ڈرامے کو پی ٹی وی پر دو بار نشر کیا گیا تھا۔
اور اب ایک بار پھر ’’عینک والا جن‘‘ ایک نئے نام ’’ریٹرن آف نستور‘‘ کے ساتھ ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے جو کہ دراصل ’’عینک والا جن‘‘ کا سیکوئل ہے۔ تاہم اس بار یہ ڈراما پی ٹی وی پر نہیں بلکہ ایک اور پاکستانی چینل سب ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔
’’ریٹرن آف نستور‘‘ کی کہانی بھی جادوگروں، جن اور پریوں کے گرد گھومتی ہے لیکن اس بار ڈرامے میں موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے تاکہ دیکھنے والے زیادہ محظوظ ہوسکیں۔
لوگ اپنے بچپن کے پسندیدہ ڈرامے کو ایک بار اسکرین پر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ جینیفر نامی خاتون نے یوٹیوب پر ڈرامے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا یہ ڈراما کب سے بنا ہوا تھا مگر کوئی چینل چلا ہی نہیں رہا تھا میرا دل بہت دکھتا تھا بلآخر سب ٹی وی نے یہ کام کردکھایا۔ سلمان آفتاب نامی شخص نے کہا 26 برسوں بعد میں یہ ڈراما دوبارہ دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔
The post بچوں کے مقبول ڈرامے’’عینک والا جن‘‘ کی نئے نام کیساتھ اسکرین پر واپسی appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2196647/24