اپرکوہستان: داسو ڈیم میں کام کرنے والے کمپنی کی بس حادثے کا شکار ہوگئی اور 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے ملازمین کو لانے لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ 39 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او اپرکوہستان نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم حادثے میں 10 افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں سے 6 چائنیز بھی شامل ہیں، جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 7 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جب کہ جائے وقوعہ کو دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے سیل کردیا گیا ہے، تاحال حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عارف خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کوسٹر گاڑی میں 41 افراد سوار تھے، حادثے میں 6 چینی باشندوں سمیت دس افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو ایف سی جوان بھی شامل ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے پر وجوہات کا بتایا جا سکے گا، المناک واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تحقیقات سے قبل واقعہ کو حملہ یا دہشت گردی سے منسوب نہیں کہا جا سکتا۔
The post اپرکوہستان میں ٹریفک حادثہ؛ داسوڈیم پرکام کرنے والے 10 ملازمین جاں بحق appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2201817/1