11News.pk | Online News Network
11News.pk | Online News Network

شائقین کی بے چینی اور ابوظبی کا پارہ عروج پر پہنچنے لگا

 لاہور:  پی ایس ایل6شروع ہونے سے قبل شائقین کی بے چینی اور ابوظبی کا پارہ عروج پر پہنچنے لگا۔

انتظامی مشکلات کا ایک طویل سلسلہ ختم ہونے کے بعد بالآخر پی ایس ایل کے باقی میچز کا بدھ کو آغاز ہورہا ہے،غیر یقینی کے بادل چھٹنے کے بعد کھلاڑی ابوظبی کے موسم کی سختیاں برداشت کرتے ہوئے بیٹ اور بال کی جنگ جیتنے کیلیے تیاریاں کررہے ہیں،شائقین سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کیلیے بے تاب ہیں۔

ایک طرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی گرمجوشی نظر آئے گی تو دوسری طرف عرب صحراؤں کی روایتی تپش بھی کرکٹرز کا حوصلہ آزما رہی ہوگی،یواے ای میں موسم کی پیشگوئی کے مطابق رواں ہفتے پارہ عروج پر ہوگا، گذشتہ روز ابوظبی میں درجہ حرارت 46 کے قریب تھا جس کے آئندہ چند روز میں 51.8 تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران ساحلی شہروں میں حبس بھی 90فیصد تک ہوگا۔

پاکستان میں کورونا کیسز بڑھنے پر پی سی بی نے مجبوری میں پی ایس ایل کی یواے ای میں میزبانی کا فیصلہ تو کرلیا مگر روایتی طور پر اس ماہ میں وہاں کرکٹ نہیں ہوتی،قرنطینہ کی وجہ سے کرکٹرز کو میدان میں ٹریننگ کیلیے زیادہ دن نہیں ملے،اس لیے جسم میں پانی کی کمی کے سبب ہونے فٹنس مسائل کا خدشہ موجود رہے گا، خاص طور پر اپنے ملکوں میں سردموسم سے آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو زیادہ پریشانی اٹھانا پڑ سکتی ہے۔

ابوظبی میں پہلے معرکے میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں برتری کی جنگ لڑیں گی،اگلے روز کراچی کنگز کا ملتان سلطانز سے سامنا ہوگا۔

دریں اثنا گزشتہ روز پریکٹس میچ میں بولرز کا راج رہا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عثمان خان (2) کے بعد فاف ڈوپلیسی(5)رن آؤٹ ہوگئے، اعظم خان10رنز بنا سکے،سرفراز احمد کی اننگز 5تک محدود رہی،آندرے رسل کھاتہ کھولنے سے قبل رن آؤٹ ہوگئے،محمد نواز2 رنز بناکر چلتے بنے، جیک ویدر آلڈ18اور ولڈر متھ20 نے کچھ سہارا دیا، دوبارہ بیٹنگ کیلیے آنے پر آندرے رسل 17 اورفاف ڈوپلیسی19رنز تک محدود رہے۔

سرفراز احمد15اور اعظم خان 7پر ناٹ آؤٹ رہے، ٹیم نے20اوورز میں 137رنز بنائے، محمد عمر نے 3شکار کیے،سہیل تنویر، عمران خان،عثمان قادر،عمران طاہر اور وسیم محمد نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ بھی استحکام کو ترستی رہی،اوپنرز صہیب مقصود اور رحمت اللہ گرباز نے کھاتہ بھی نہیں کھولا، جانسن چارلس نے 33رنز کی اننگز کھیلی،شان مسعود صرف 11رنز بنا سکے،شیمرون ہٹمائر 23رنزکی مزاحمت کرنے میں کامیاب ہوئے،خوشدل شاہ کی اننگز صرف 7رنز تک محدود رہی،رائیلی روسو کا بیٹ بھی نہ چلا اور انھوں نے صرف ایک رن بنایا، وسیم محمد 4رنز تک محدود رہے۔

پریکٹس کا موقع دینے کیلیے خوشدل شاہ کو دوبارہ بلایا گیا لیکن وہ16رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،صہیب مقصود بھی دوسری باری کیلیے آئے تو صرف ایک رن بنا سکے،خرم شہزاد، نسیم شاہ اور زاہد محمود نے 2، 2وکٹیں اڑائیں،محمد نواز، جیک ولڈرمتھ ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، محمد حسنین 2اوورز میں کوئی وکٹ نہ حاصل کرپائے۔

دوسرا پریکٹس میچ دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا گیا، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیموں نے اپنے طور پر بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ پریکٹس جاری رکھی۔

The post شائقین کی بے چینی اور ابوظبی کا پارہ عروج پر پہنچنے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.



source https://www.express.pk/story/2187385/16
Post a Comment (0)
Previous Post Next Post