کراچی: اداکار فیروز خان کے ایک سے زائد شادیوں کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کے درمیان بحث چھڑگئی۔
اداکار فیروز خان کا احسن خان کے شو ’’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘‘ میں شرکت کا ایک مختصر کلپ گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے ایک سے زائد شادیوں کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں بھی نبی اکرم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے زیادہ شادیاں کرنی چاہئیں۔ حالانکہ یہ شو ابھی تک نشر نہیں ہوا ہے لیکن شو کا یہ مختصر کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور صارفین فیروز خان کے اس بیان پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہمیں بھی نبی اکرم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے زیادہ شادیاں کرنی چاہئیں، فیروز خان
کچھ لوگ فیروز خان کے اس بیان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں نبی پاک ﷺ نے اور بھی بہت سی باتیں کہی ہیں ان پر بھی عمل کرلیں، سوائے چار شادیوں کے۔ ایک اور صارف نے ایک مفتی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا مسلمان مرد اور کسی فرض کو اتنا فالو نہیں کرتے لیکن ایک سنت ہے چار بیویوں کی اسے ضرور فالو کرتے ہیں۔
شہریار اصغر نامی صارف نے فیروز خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا مجھے یہ خاندان ہی پسند نہیں ہے اس شخص کو یہ تو پتہ نہیں ہے کہ اپنی پہلی بیوی کے ساتھ کیسا سلوک کیا جانا چاہئے اور مجھے نہیں لگتا یہ مزید شادیوں کے ساتھ بھی انصاف کرپائے گا۔
انیقا نامی خاتون بھی فیروز خان کے اس بیان پر نالاں نظر آئیں انہوں نے لکھا بس ان مردوں کو اپنے نبی ﷺ کی ایک ہی سنت یاد ہے۔ بیوی کو رکھنا کیسے ہے یہ بھول گئے۔ یہ ہمارے فیروز بھائی۔ کچھ لوگوں نے لکھا ثواب کمانے کے اور بھی طریقے ہیں۔
ایک اور خاتون نے لکھا جب مردوں سے فرائض یا حقوق پورے کرنے کا کہو تو کہتے ہیں میری مجبوری سمجھو اور جب بیوی مجبور اور تنگ آجائے حالات سے اور اپنے حق کا تقاضہ کرنے لگے تو فوراً کہتے ہیں ایسے ہی رہنا ہے تو رہو ورنہ میں دوسری شادی کررہا ہوں اور تمہیں چھوڑ رہاہوں۔
ایک اور صارف نے کہا فیروز خان کو بھی اپنی بے تکی باتوں کی وجہ سے خبروں میں رہنے کا شوق ہے ایک سنبھالی نہیں گئی، دوسری تیسری کا شوق چڑھا ہوا ہے۔
کچھ لوگوں نے اداکار فیروز خان کی حمایت میں بھی تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا اگرچہ 99 فیصد مرد صرف ایک بار شادی کرتے ہیں لیکن جب کوئی ایک سے زائد شادیوں کی بات کرتا ہے تو بہت سے لبرلز اور فیمنسٹ اپنے غاروں سے باہر آکر بحث کرنے لگ جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ فیروز خان نے 2018 میں سیدہ علیزے کے ساتھ شادی کی تھی اور دونوں کا ایک بیٹا محمد سلطان خان ہے۔ تاہم گزشتہ برس فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں اور دونوں کی علیحدگی کے پیچھے کی وجہ ہانیہ عامر کو قرار دیا جارہاتھا۔ لیکن فیروز خان، ہانیہ عامر یا علیزے نے نہ تو ان خبروں پر کوئی ردعمل دیا تھا اور نہ ہی فیروز خان اور ان کی اہلیہ علیزے کے درمیان علیحدگی کی تصدیق ہوسکی تھی۔
The post فیروزخان کے ایک سے زیادہ شادیوں کے بیان پر سوشل میڈیا پر بحث appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2191098/24