لاہور: بورڈ ویمن کرکٹرز کی تنخواہیں چھپانے لگا جب کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں پلیئرز کی تعداد بڑھ گئی۔
پی سی بی نے ویمن کرکٹرز کیلیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا، گذشتہ سال 9پلیئرز کے مقابلے میں اس بار 12 کو معاہدوں کی پیشکش ہوئی ہے،ایمرجنگ کیٹیگری میں 8 کو جگہ ملی ہے،ماہانہ وظیفے میں 10فیصد اضافہ کردیا گیا۔
پی سی بی نے رقم کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے، کنٹریکٹ کااطلاق یکم جولائی سے ہوگا، جویریہ خان اوربسمہٰ معروف کو’’اے‘‘ کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے، وکٹ کیپر سدرہ نواز کی ’’بی‘‘ سے ’’سی‘‘ میں تنزلی ہوگئی، ندا ڈار کو سی سے ’’بی‘‘ میں ترقی دے دی گئی۔
گزشتہ سال کی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر فاطمہ ثناء کو بھی ’’سی‘‘ کیٹیگری میں ترقی مل گئی،کائنات امتیاز اور نشرہ سندھو کو بھی ’’سی‘‘ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، گذشتہ سال ایمرجنگ کنٹریکٹ حاصل کرنے والی تمام پلیئرز کو برقرار رکھا گیا ہے، سدرہ امین اور ارم جاوید دورئہ ویسٹ انڈیز میں اس وقت بھی قومی اسکواڈ کے ساتھ ہیں مگر ان کو کنٹریکٹ کے قابل نہیں سمجھا گیا۔
فہرست کے مطابق بسمہٰ معروف اور جویریہ خان ’’اے‘‘، عالیہ ریاض،ڈیانا بیگ اور ندا ڈار’’بی‘‘، انعم امین، فاطمہ ثنا، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو،عمیمہ سہیل اور سدرہ نواز ’’سی‘‘ کیٹیگری پانے میں کامیاب ہوئی ہیں،عائشہ نسیم، کائنات حفیظ، منیبہ علی صدیقی، نجیہہ علوی،رامین شمیم، صبا نذیر،سعدیہ اقبال اور سیدہ عروب شاہ کو ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل کیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں گذشتہ ایک سالہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کنٹریکٹ دیے گئے۔ قومی ویمن سلیکشن کمیٹی کی چیئرپرسن عروج ممتاز نے کہاکہ 6 ماہ بعد کنٹریکٹ کی فہرست کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، اگر ضرورت پڑی تو نظرثانی بھی ہوگی، امید ہے کہ پلیئرز ہمارے اعتماد پر پورا اتریں گی۔
The post پی سی بی ویمن کرکٹرز کی تنخواہیں چھپانے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2195679/16