ابوظبی: پاکستان سپر لیگ میں پیر کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
یونائیٹڈ پھر کنگز کا قلعہ فتح کرنے کو بیتاب ہوں گے، ٹاپ آرڈر میں ردوبدل کا امکان موجود ہے، پیس اٹیک میں حسن علی کی کمی محسوس ہوگی، دوسری جانب دفاعی چیمپئن بھی حساب کتاب برابر کرنے کیلیے پراعتماد ہیں، بابر اعظم اور محمد عامر توقعات کا مجور ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں پیر کے روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، دونوں کے درمیان گذشتہ 5 باہمی مقابلوں میں یونائیٹڈ کا پلڑا بھاری رہا ہے، جس نے 4 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے ایونٹ ملتوی ہونے سے قبل بھی اسلام آباد نے 5 وکٹ سے کنگز کو زیر کیا تھا، اب بھی وہ اپنی برتری کو مزید مستحکم کرنے کیلیے کوشاں ہوں گے، پوائنٹس ٹیبل پر بھی اس وقت اسلام آباد کو کراچی پر برتری حاصل ہے۔
تاہم ٹاپ بیٹنگ آرڈر اس کیلیے بہرحال تشویش کا باعث ہوگا، لاہور قلندرز کے خلاف گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد کے ابتدائی 5 کھلاڑی 8 رنز سے بھی آگے نہیں بڑھ پائے تھے تاہم مشکل وقت میں آصف علی اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ سے ٹیم کی لاج رکھ لی تھی۔
پیس اٹیک میں انجرڈ حسن علی کی کمی محسوس ہوگی تاہم ذمہ داری سنبھالنے کیلیے محمد موسیٰ کے نوجوان کندھے موجود ہوں گے۔ اسپین اٹیک کی ذمہ داری کپتان شاداب خان خود سنبھال رہے ہیں۔ دوسری جانب دفاعی چییمپئن کراچی کنگز بھی یونائیٹڈ کے خلاف اپنا ریکارڈ درست کرنے کیلیے کوشاں ہوں گے، ایک بار پھر ان کی بیٹنگ میں امیدوں کا محوربابر اعظم ہی ہوں گے جبکہ پیس اٹیک کی ذمہ داری محمد عامر سنبھالیں گے۔ چھٹے سیزن میں کنگز ابھی تک 6 میں سے صرف 3 میچز جیت چکے اور اس کے 6 پوائنٹس ہیں۔
The post اسلام آباد، کنگز کا قلعہ پھر فتح کرنے کو بے تاب appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2189741/16